لاہور،3اگست (اے پی پی):کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہوربلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ملزمان کو سزا دلوانے کیلئے پولیس کا عملہ محکمہ پبلک پراسیکیوشن سے بہترین کوارڈینیشن کو یقینی بنائے۔ کوئی بے گناہ گرفتار نہ ہواور قصوروار ملزمان کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایس پیز(انویسٹی گیشن) کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں زیرِ تفتیش مقدمات اور زیرِ التوا روڈ سرٹیفکیٹس کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور نے غیر تسلی بخش کارکردگی پر ڈی ایس پی چوہنگ سرکل کی سخت سرزنش کی اور کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی۔کیپٹل سٹی پولیس آفیسر نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت اور عدم دلچسپی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے زیر ِتفتیش مقدمات اورروڈ سرٹیفکیٹس پینڈینسی جلد نمٹانے کا حکم دیااور بلائنڈ مرڈر، ڈکیتی، راہزنی اور بھتہ خوری کے خلاف سخت کریک ڈائون کی ہدایت کی۔
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہوربلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ شہریوں کی داد رسی اور سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مقدمات کو زیرِ التوا نہ رکھا جائے، انصاف کی فراہمی میں دیر مظلوم کے ساتھ نا انصافی ہے۔ انہوں نے ڈی ایس پیز کو روزانہ کی بنیاد پر پولیس سٹیشنز کی مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کی اور واضح کیا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی ان کا اولین مشن ہے۔











