ملکی معاشی مسائل کے حل کیلئے کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے ؛وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف 

6

 

کراچی،2اگست (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ ملکی معاشی مسائل کے حل کیلئے

کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل سے ملک میں بڑے پیمانے پر بیرو سرمایہ کاری ہوگی۔کراچی کی تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرنا  اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بدھ کو کراچی میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے صدر طارق یوسف اور چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزراء سید نوید قمر، سید امین الحق، احسن اقبال، انجینئر خرم دستگیر، وزیرِ مملکت مصدق ملک، معاونین خصوصی طارق باجوہ، طارق پاشا، جہانزیب خان، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری کو سہولت اور ان کے مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملکی معاشی مسائل کے حل کیلئے کاروباری برادری کا کلیدی کردار ہے،  کراچی میں بجلی اور گیس کی منصفانہ تقسیم  کیلئے آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں مثبت کاروباری فضاء قائم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں، حکومت نے 10ہزار میگا واٹ شمسی بجلی کا منصوبہ بنایا ہے جس میں بیرونی سرمایہ کار گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) سے ملک میں بڑے پیمانے پر بیرونی سرمایہ کاری ہوگی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سٹیٹ بینک اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام تاجر برادری کے ساتھ تعاون سے ان کے مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کراچی کے تاجروں کو ایک قیمت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو اور تاجر برادری کے رہنما زبیر موتی والا نے تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں اور وزیر اعظم کے تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔