اوکاڑہ،28اگست(اے پی پی ):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان نے کہاہے کہ معاشرے کے نوجوانوں کی رگوں میں زہر گھولنے والے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی اوکاڑہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
اس حوالے سے ویڈیو بیان میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں پچھلے پانچ مہینوں میں 864 مقدمات درج کرکے منشات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کارروائیوں میں 500 کلوگرام سے زیادہ چرس تقریباً 10کلو گرام ہیروئن اور ہزاروں لیٹر شراب برآمد کی گئی لیکن اب ان کارروائیوں میں ناصرف تیزی لائی جا رہی ہے بلکہ ہم اپنے تمام ریسورسز استعمال کر کے انشاءاللہ اوکاڑہ سے منشیات فروشی کا قلع قمع کرنے جا رہے ہیں اس سلسلے میں پچھلے چار دنوں میں سو کے قریب مقدمات درج ہوئے جس میں 112 کلوگرام چرس دو کلوگرام ہیروئن اور ہزاروں لیٹر شراب برامد کی گئی لیکن اس معاشرے کے دشمنوں کے خلاف یہ کارروائی آپ کی مدد کے بغیر ممکن نہیں۔
ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان نے مزید کہا کہ میں اوکاڑہ کے انتہائی عزت دار پرامن اور غیور عوام کو اپنا نمبر دے رہا ہوں اورمیری آپ سے درخواست ہےکہ آپ جہاں پر منشیات فروشی دیکھیں اس کو رپورٹ کریں آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا، میرانمبر 03464675350 ہے، میری تمام انتہائی معزز شہریوں سے التماس ہے کہ منشیات فروشی کے اس قبیح دھندے کو ختم کرنے میں ہمارے ساتھ مدد کریں اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔











