میرپورخاص، 27 اگست (اے پی پی ): میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے چٸیرمین سید ذوالفقار علی شاہ کی سربراہی میں جامع امتحانی اصلاحات کا اجلاس اجرک ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تعلیمی بورڈ میرپورخاص سے الحاق شدہ ڈگری کالجوں، ہائر سیکنڈری اسکولوں اور پرائیویٹ اداروں کے معزز ممتحن، ذیلی ممتحن مرد و خواتین پروفیسرز، ماہرین اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں چٸیرمین تعلیمی بورڈ سید ذوالفقار علی شاہ نے خطاب کرتے ہوٸے کہا کہ طلبہ کے امتحانی پیپرز اور مارکنگ کے فرسودہ و ناقص نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے موجودہ دور کے مطابق معیاری بنانا ہوگا۔ امتحانی پرچوں کو زیادہ معیاری اور جغرافیائی رکاوٹوں سے پاک مربوط بنایا جاٸے گا، بورڈ کا حالیہ امتحانی نظام طلبا کا صرف حافظہ چیک کرتے ہیں فہم و فراست نہیں۔ ایسے امتحانی پرچے تیار کئے جاٸیں جن میں نقل کرنے کی گنجائش ہی نہ ہو تاکہ طلبا کی کارکردگی کو صحیح پرکھا جاسکے۔ مارکنگ کا موجودہ نظام ناقص، غیرمنصفانہ اور جانبدارانہ ہے اور یہ دنیا کے کسی خطے میں استعمال نہیں ہوتا لہذا اسے فی الفور تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ امتحانات کی اصلاح کیلئے ضروری ہوگیا ہے کہ جدید اصولوں کے مطابق اسے نئے سرے سے استوار کیا جائے اور انسانی دخل اندازی کو خارج از امکان کردیا جائے۔ دورِ جدید کی ٹیکنالوجی سے محفوظ آن لائن ویب پورٹل کے ذریعے سوالیہ پرچوں کی الیکٹرانک تقسیم، معیاری سوالیہ پرچہ تیار کرنے کے لیے کوئسچن آئٹمز بینک اور منصفانہ اور شفاف طرز عمل کے لیے ڈیجیٹل اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم کے طریقہ کار کو قابل عمل بنانے پر مشاورت کی جارہی ہے۔ موجودہ تعلیمی بورڈ کا ماحول سیاسی اور سماجی دباٶ کا شکار ہے۔ ہمارے پاس جدید سائنس اور ٹیکنالوجی دونوں موجود ہیں۔ضرورت ارادے اور ترجیحات تبدیل کرنے کی ہے۔ تعلیمی بورڈ کے چٸیرمین سید ذوالفقار علی شاہ کے مطابق بورڈ اپنے امتحانی نظام اور معیارات کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے بہترین استعمال کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ طلباء اور ماہرینِ تعلیم کی بہترین طریقے سے خدمت کرنا بورڈ کی ترجیح ہے۔ اس ارادے کے ساتھ بی آئی ایس ای میرپورخاص نے درس و تدریس میں معیاری بہتری کے لیے امتحانی نظام کو بہتر بنانے کے لیے جامع امتحانی اصلاحات کا پروگرام نافذ کیا ہے۔











