جیکب آباد،19 اگست (اے پی پی ):پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء و سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہالیکشن کمیشن کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کے بعد انتخابات ہونگے،ہونا تو یہ چاہیے کہ آئین کے مطابق الیکشن وقت پر ہوں،لیکن اب فروری یا مارچ میں الیکشن ہونے کے امکانات ہیں،نئی حلقہ بندیاں بھی آئین کا حصہ ہیں صرف دو مہینے کا فرق پڑیگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے سابق ایم پی اے اسلم ابڑو کی رہائش گاہ پر محمد اسلم ابڑو سے بھائی اور شہریار ابڑو کی وفات پر تعزیت کی،جس کے بعد تحصیل ٹھل پہنچ کر سابق ایم پی اے ڈاکٹر سھراب خان سرکی سے بھائی کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی گئی جس کے بعد سابق وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید صحافی جان محمد مہر کے قاتل گرفتار ہوچکے ہیں،شہید صحافی کے قتل میں ملوث ایک ملزم کچے میں فرار ہوگیا ہے اس کو بھی گرفتار کیا جائے گا،جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔
سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ کے ہمراہ ضلع کونسل چیئرمین کشمور گل محمد جکھرانی اور الطاف کھوسو تھے۔