نیشنل مینارٹی ڈے کے موقع پر واک اور کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد

18

قصور،11اگست(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قصورکی قیادت میں نیشنل مینارٹی ڈے کے موقع پر واک اور کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قصور محمد جعفر چوہدری،اقلیتی سرکاری ملازمین ودیگر  نےشرکت کی۔ واک کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد، ہم سب کا پاکستان کے نعرے لگائے۔

 ڈپٹی کمشنرقصور محمدارشدبھٹی نے ڈی سی کمیٹی روم میں اقلیتی ملازمین کیساتھ کیک کاٹا، قومی یکجہتی کے اظہار کیلئے تقریب کو ”سب کا پاکستان“کا عنوان دیا گیا۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر قصورمحمد ارشد بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا وطن ہے مینارٹیز پاکستان کے جسم کا حصہ ہیں، ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتیں ہر دور میں آگے رہیں۔ڈپٹی کمشنرقصورنے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے، مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے رہنماؤں نے قائد اعظم کی قیادت میں آزادی حاصل کی۔

محمد ارشد بھٹی نے کہا کہ آئین پاکستان میں غیر مسلموں کو مکمل، سیاسی، مذہبی سماجی حقوق کی ضمانت دی گئی، پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم نے ملکر اس کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنا ہے، پاکستان کی اقلیتوں کی مادر وطن کیلئے قربانیاں لائق ستائش اور خدمات لائق آفرین ہیں۔