اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ (پارٹ ون، ٹو) کے سالانہ امتحانات2023 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پارٹ ٹو میں کامیابی کا تناسب 83.86 فیصد اور پارٹ ون میں کامیابی کا تناسب 61.82 فیصد رہا ہے۔ بدھ کو وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے منعقدہ تقریب کے موقع پر نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین قیصر خان، مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ،پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو میڈیکل گروپ میں تینوں پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں۔پری میڈیکل میں پہلی پوزیشن پنجاب کالج ایچ الیون کی ایشل شاہنور فاطمہ نے 1075 لے کر حاصل کی، پری میڈیکل میں دوسری پوزیشن ہانیہ عثمان نے 1072 نمبر لیکر اپنے نام کی،ان کا تعلق آرمی پبلک سکول ہمایوں روڈ سے ہے،پری میڈیکل میں تیسری پوزیشن رد الملک نے 1066 نمبر لے کر حاصل کی ان کا تعلق آرمی پبلک سکول راولپنڈی کینٹ سے ہے،پری انجینئرنگ میں عشبا فاطمہ نے 1069 لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی ان کا تعلق آرمی پبلک سکول راولپنڈی کینٹ سے ہے،پری انجینئرنگ میں دوسری پوزیشن عائشہ ظفر نے 1059 لیکر اپنے نام کی ان کا تعلق آرمی پبلک سکول راولپنڈی کینٹ سے ہے، پری انجینئرنگ میں تیسری پوزیشن ذویا احمد نے 1054 نمبر لے کر اپنے نام کی ان کا تعلق آرمی پبلک سکول چکلالہ کینٹ سے ہے۔ انٹر میڈیٹ امتحانات کیلئے 501 سنٹرز بنائے گئے تھے۔ نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام کامیاب بچے بچیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ چیلنجز سے نکلنے کے لیے صرف تعلیم کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ ہمارے پاس مختصر وقت ہے لیکن ہم اپنی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں صوبائی حکومتوں کو بھی خط تحریر کریں گے تاکہ ملک میں تعلیم اور امتحانی نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔ اس موقع پرانہوں نے وفاقی تعلیمی بورڈ کے حکام کی نتائج کی تیاری پر تعریف کرتے ہوئے ان کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا موٹو صرف کام کام اور کام ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے ڈیلی ویجز اساتذہ کو بلا کر ان کے مسائل سنے ہیں۔ جلد کوئی حل نکالیں گے۔ اس موقع پر چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر خان نے بتایا کہ رواں سال 30 مئی تا 22 جولائی کے درمیان امتحانات لئے گئے، 42 دن کے بعد ہم انٹرمیڈیٹ کے سالانہ نتائج کا اعلان کر رہے ہیں۔ فیڈرل بورڈ گزشتہ دو سال سے ای مارکنگ سسٹم پر شفٹ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال سے فیڈرل بورڈ نے پاسنگ پرسنٹیج 40 فیصد مقرر کر دی ہے۔











