وہاڑی؛ سیکرٹری محمد افضل ناصر خاں کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ

39

وہاڑی ، 16 اگست(اے پی پی ): سیکرٹری محکمہ صحت جنوبی پنجاب محمد افضل ناصر خاں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی کا دورہ کیا اور ہسپتال میں اسٹاف کی حاضری، صفائی کی صورتحال، ادویات کی دستیابی و فراہمی، طبی مشینری کے فنکشنل ہونے،سانپ اور کتے کے کاٹے کی ویکسین اور سروس ڈیلیوری کے عمل کا جائزہ لیا۔

سیکرٹری نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں مریضوں کے بے ہنگم رش پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس ڈی ایچ کیو وہاڑی مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے بیٹھنے کے لیے کشادہ انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں مریضوں اور ان کے تیمارداروں کی جانب سے ڈاکٹروں اور نرسوں کی جانب سے علاج معالجہ نہ کرنے کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے ایم ایس ڈی ایچ کیو وہاڑی کی بدانتظامی پر سرزنش کی اور معاملات فوری بہتر بنانے کی ہدایت کی، ہسپتال کی دیواروں سے پانی کے رسنے کا نوٹس لیکر ہسپتال انتظامیہ کو فوری مرمتی کام کرانے اور  ہسپتال کی کوریڈورز کو ہوادار اور روشن بنانے کے احکامات جاری کیے۔

 ہسپتال کے دورہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد افضل ناصر خاں نے کہا کہ وہاڑی کے ضلعی صدر ہسپتال میں سروس ڈیلیوری کی ناقص صورتحال دیکھ کر دکھ ہوا، ناقص سروس ڈیلیوری میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے انتظامی امور میں دلچسپی نہ لینے کے سبب  سامنے آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرائض کی ادائیگی میں غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں، سروس ڈیلیوری کی بہتری تک مسلسل مانیٹرنگ جاری رہے گی۔

 ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب شاہد عباس جوئیہ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز جنوبی پنجاب ڈاکٹر مہر محمد اقبال اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود  تھے ۔