پاکستان سٹریٹ چلڈرن فٹ بال ٹیم کا نیشنل پریس کلب میں آمد پر شاندار استقبال

20

اسلام آباد۔7اگست  (اے پی پی):پاکستان سٹریٹ چلڈرن فٹ بال ٹیم کی ناروے کپ میں رنرز اپ  پوزیشن حاصل کرنےکے بعد نیشنل پریس کلب آمد پر شاندار استقبال کیا گیا ۔ اس موقع پر مسلم ہینڈ کے چیئرمین پیر سید لخت حسنین نے کہا کہ سٹریٹ چلڈرن  ٹیم کی شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، ٹیم کوچ عبدالرشید کی محنت رنگ لائی ہے اور ٹیم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے،فائنل میچ میں شدید بارش ہو رہی تھی جس کی وجہ سے فائنل میں کامیابی نہ حاصل ہو سکی، ہماری  ٹیم کی شاندار کارکرگی پر نارویجن بھی ان کے مداح بن گئے،ٹیم کا استقبال کرنے کے لئے انگلینڈ سے خصوصی طور پر پاکستان آیا ہوں۔ نیشنل پریس کلب اسلام آبا د میں پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید لخت حسنین نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹوٹل 28 گولز کئے جبکہ اس کے خلاف صرف تین گول ہوئے ، اس شاندار پرفارمنس کا سہرہ ٹیم کوچ عبدالرشید کے سر جاتا ہے جو ملک بھر سے چھپے ہوئے ہیروں کو سامنے لائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم ہینڈز نے  میرپور سٹیڈیم میں آسٹروٹرف لگایا ہے جو کہ آزاد کشمیر کا پہلا اور پاکستان کا پانچواں آسٹروٹرف ہے،مسلم ہینڈز دس لاکھ سٹریٹ چلڈرنز کو شناخت دے گی،ان بچوں کو تعلیم دیگر معاشرے کا کار آمد شہری بنائیں گے، اس موقع پر ٹیم کے کپتان طفیل شنواری نے کہا کہ انہوں نے ناروے کپ میں ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ گول کئے،ٹورنامنٹ کے بیسٹ پلیئر کا ایوارڈ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی اسد کو ملا، فائنل میں قسمت نے ساتھ نہیں دیا اور میچ پینلٹی شوٹ پر ہار گئے ورنہ یہ رزلٹ مختلف ہو سکتا تھا۔