چنیوٹ،10 اگست( اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ عبداللہ احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی جان و مال،عزت کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے۔ضلع بھر میں چوروں،ڈکیتوں،جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ڈی پی او نے کہا چنیوٹ پولیس نے ماہ جولائی میں ڈکیتی،راہزنی،چوری کی وارداتوں میں مطلوب14 بین الاضلاعی ڈکیت گینگز کے کارندوں سمیت 60سے زائد ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ڈکیت گینگز کے قبضہ سے 1کروڑ،15لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرلیاگیا۔ملزمان کے قبضہ سے 8بھینسیں، گائے، 32 بکرے،بکریاں دیگرمال مویشی، نقدی، موٹرسائیکلیں، ٹرانسفارمر، تاریں،طلائی زیورات و دیگر مسروقہ سامان برآمدکرلیاگیا۔ڈکیت گینگز میں جعفر،علی اصغر، سلیم عرف سلیمو،ناصر عرف ناصری، شہباز،اللہ دتہ عرف دتو، شرجیل عرف شرجیلو،قابل عرف قابلی،غلام شبیر،طاہر عرف طاہری،رضوان عرف رضو،سرور عرف منگو گینگ شامل ہیں۔چنیوٹ پولیس نے ڈکیتی،راہزنی،چوری کے 70سے مقدمات کو یکسو کیا۔سرکل سٹی پولیس نے 67لاکھ ورپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ، سرکل لالیاں پولیس نے 39 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ،سرکل بھوانہ پولیس نے 10لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ،نقدی، مال مویشی وغیرہ برآمد کئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں وارداتوں میں زیر استعمال غیر قانونی اسلحہ بھی برآمدکرلیاگیا۔ڈی پی او نے مال مسروقہ بازیافتہ کاریں،طلائی زیورات،نقدی وغیرہ مدعیان کے حوالے کی،مدعیان نے چنیوٹ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شکریہ اداکیا۔ماہ جولائی میں 256مجرمان اشتہاری،92عدالتی مفروران کو گرفتارکیاگیا۔129منشیات فروشوں کو گرفتارکیا گیا،18کلو سے زائد چرس،ہیروئن،650لیٹر سے زائد شراب برآمد کرلی گئی۔ناجائز اسلحہ برآمد ہونے پر 70ملزمان کو گرفتارکیاگیا،ملزمان کے قبضہ سے 55پسٹل،10بندوقیں دیگر اسلحہ،گولیاں برآمد کی گئیں۔
ڈی پی اوعبداللہ احمد نے کہا کہ پولیس فورس کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔











