چنیوٹ،04اگست(اے پی پی) : ملک بھر کے دوسرے شہروں کی طرح ضلع چنیوٹ میں یوم شہدائے پولیس منایا جا رہا ہے۔
اس سلسلہ میں چنیوٹ میں یاد گار شہدا ءپر ایک تقریب منعقد ہوئی۔یوم شہدائے پولیس کے موقع پر یادگار شہداءپر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔سلامی میں ڈی پی او عبداللہ احمد،ڈی سی محمد آصف رضا،شہداءکے خاندان، پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔
شہدائے پولیس کے خاندانوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ڈی پی او، ڈی سی، پولیس افسران نے بھی پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔
ڈی پی او عبداللہ احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے جوان دہشت گردی، جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے ہمہ وقت سینہ سپر ہیں،آج کے دن شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں،ملک و قوم کی حفاظت کیلئے پولیس آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،شہدائے پولیس ہمارے ماتھے کا جھومراورہمارے محسن ہیں ،ہم اپنے شہداءکے خون کے وارث ہیں،ان کے لواحقین کے دکھ سکھ کے ضامن ہیں۔
ڈی سی چنیوٹ محمد آصف رضا نے کہا کہ شہداءکی قربانیوں کی بدولت ہم سکون کی نیند سوتے ہیں عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جان کی قربانی بہت بڑی قربانی ہے۔











