کراچی۔ 21 اگست (اے پی پی):چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) ذکا اشرف نے ہمبنٹوٹا میں قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ سے پیر کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین ذکاء اشرف نے ہمبنٹوٹا میں افغانستان کے خلاف پہلے میچ سے قبل قومی ٹیم سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم کی قیادت میں یہ ٹیم اچھا پرفارم کر رہی ہے،بابراعظم کے پاس بڑی باصلاحیت ٹیم ہے ہر کوئی اپنے رول میں اچھا پرفارم کر رہا ہے،ہمارے پاس ورلڈ کلاس بائولرز اور بیٹرز ہیں ،ہمارا کمبی نیشن اچھا ہے کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم ٹرافی نہ جیتیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر کے سابق کرکٹرز پاکستان ٹیم کو مضبوط قرار دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جس فارم میں پاکستان ٹیم ہے وہ کسی کو بھی ہرا سکتی ہے، سابق کرکٹرز کے خیال میں ہم ایشیا کپ کے سب سے فیورٹ ہیں، آپ لوگوں میں کوئی کمی نہیں ہے سب میں صلاحیتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ورلڈ کپ جیت چکے ہیں، دو مرتبہ ایشیا کپ بھی جیتا ہوا ہے، ہمیں اس کی کوئی وجہ دکھائی نہیں دیتی کہ ہم دوبارہ نہیں جیت سکتے ، میدان میں اپنا بہترین کھیل پیش کریں، نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔ چیئرمین ذکا اشرف نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ آپ کی کوشش اور محنت سے پاکستان ایشیا کپ جیتے گا، مجھے یقین ہے کہ آپ اس مومنٹم اور اعتماد کے ساتھ ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے اور ورلڈ کپ ٹرافی کو وطن واپس لائیں گے ۔











