ڈیرہ غازی خان؛خدمت مرکز کا افتتاح، قیام کا مقصدعوام کو پولیس سےمتعلق سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا

48

ڈیرہ غازی خان، 25 اگست(اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے عوامی خدمت کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے  ڈی  پی اوحسن افضل  کے ہمراہ شادن لنڈ میں خدمت مرکز کا افتتاح  کیا۔خدمت مرکز کے قیام کا مقصد ڈیرہ غازی خان شہر سے دور دراز کی عوام کو پولیس سے متعلق تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر ڈی پی او حسن افضل نے خدمت مرکز پر شہریوں کو ایک چھت تلے فراہم  کردہ سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل شادن لنڈ اور گردونواح  کے شہریوں کو پولیس سے متعلق خدمات کے حصول کے لیے ڈیرہ غازی خان یا تونسہ شریف کا سفر کرنا پڑتا تھا جو کہ اب انہیں اپنے علاقے میں باآسانی دستیاب ہوں گی۔

آر پی او نے خدمت مرکز پر سہولیات کا جائزہ لے کر تما م تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور عملہ کو عوامی خدمت کے جذبے سے سر شار ہو کر فرائص کی ادائیگی کی ہدایت کی۔ آر پی او نے مزید کہا کہ پولیس خدمت مرکز عوامی خدمت میں ایک شاندار منصوبہ ہے جہاں پر شہریوں کو  گمشدگی دستاویزات، ایف آئی آر کاپی، تجدید ڈرائیونگ لائسنس، اندراج گھریلو ملازم، کریکٹر سرٹیفیکیٹ، ڈرائیونگ لرنر پرمٹ، انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ، جرم کی اطلاع، موبائل فون ویری فیکیشن سروس، جنرل پولیس ویری فیکیشن، گمشدہ بچوں کی رپورٹ، اندراج کرایہ داران، قانونی رہنمائی برائے تشدد خواتین اور ٹریفک سروسز سمیت 14 سے زائد سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس جان و مال کے تحفظ کے  ساتھ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کے اس سلسلہ کو جاری رکھیں گے۔