ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 80 سے زائد درس گاہوں کو ماڈل سکول کا درجہ دیا جائے گا، کمشنر

41

ڈیرہ غازی خان،25 اگست (اے پی پی):کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا ہےکہ ڈویژن میں 80 سے زائد مردانہ اور زنانہ سکولوں کا انتخاب کرکے ماڈل سکول کا درجہ دیا جائیگا جہاں معیاری تعلیم کے ساتھ بہتر سہولیات میسر ہوں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ہر ضلع میں کم سے کم 20 مردانہ و زنانہ سکولوں کی فہرست تیار کرکے انہیں ماڈل سکول کا درجہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں انسداد سموگ مہم کے تحت  اینٹوں کے تمام بھٹے  زیگ زائیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرائے جائیں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ڈویژن کی ہر سبزی منڈی میں پھل اور سبزیوں کی نیلامی مانیٹر کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں اشیاء خوردونوش کے سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کرائے جائیں اور ناجائز منافع خوری پر جرمانے، مقدمات اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پروگرام  “اب گاؤں چمکیں گے”کے تحت یونین کونسل سطح پر ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور ہرگاؤں کی گلیوں کے نمبر کے بورڈ نصب کرنے کے ساتھ صفائی کےلئے افرادی قوت اور مشینری مختص کی جائے۔ کمشنر ڈیرہ غازی خان نے کہا کہ دانش سکول طرز پر ڈی پی ایس میں نصاب اور تعلیمی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک ،محمد سلمان لودھی ،ڈاکٹر منصور بلوچ،خالد پرویز اور دیگر افسران موجود تھے۔