ڈیرہ غازی خان: کپاس کی بہتر فصل کیلئے محکموں کو مزید متحرک اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا،کمشنر

10

ڈیرہ غازی خان،16 اگست (اے پی پی):کمشنرڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل نازک مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے، بہتر فصل کیلئے محکموں کو مزید متحرک اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کپاس کی پیداوار اور میونسپل کارپوریشن کے مسائل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنرنے کہا کہ کپاس کے فصل کو پانی اور معیاری زرعی ادویات کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھیت اور کاشتکار تک جاکر کاشتکاروں کو آگاہی دی جائے اور کپاس کی فصل کو  سفید مکھی،گلابی سنڈی  اور دیگر بیماریوں کے تدارک کےلئے  مکمل آگاہی دی جائے۔

کمشنرڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ کپاس کی فصل کےلئے اگلے پندرہ دن اہم ہیں۔انہوں نے کہا  ہے کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ کےلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

اجلاس  میں میونسپل کارپوریشن کے معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ صفائی اور میونسپل سروسز کی بہتری کےلئے ملکر کام کرنا ہوگا،محکمے ایک دوسرے پر ذمہ داریاں ایک دوسرے پر عائد کرنے کی روش ترک کریں۔انہوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی میں عدم دلچسپی برداشت نہیں ہوگی،میونسپل کارپوریشن کی گاڑیوں پر ٹریکنگ سسٹم  اور ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک اور دیگر افسران موجود تھے۔