ڈیرہ غازی خان؛ پنجاب حکومت کے “اب گاؤں چمکیں گے” پروگرام کا افتتاح

83

ڈیرہ غازی خان، 16 اگست(اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں پنجاب حکومت کے ”اب گاؤں چمکیں گے“ پروگرام کا افتتاح کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے نواحی قصبہ سمینہ سادات میں پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا۔اس پروگرام کے تحت پنجاب کے دیہاتوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ برتھ،ڈیتھ اور میرج کمپیوٹرائزڈ سرٹیفیکٹس حاصل کرنیکی سہولتیں بھی میسر ہونگی۔

ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نےافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ “اب دیہات چمکیں گے”حکومت پنجاب کا ایک احسن انقلابی اقدام ہے،نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر آج سے سمینہ سادات میں بڑے پروگرام کا آغاز کررہے ہیں اور اس پروگرام کے تحت دیہاتوں کو بھی شہروں کی طرز پر صفائی کا عملہ اورسہولیات مہیا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کے لوگوں پر مشتمل کمیٹیاں پروگرام پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پروگرام سے دیہاتوں کا سب سے بڑا صفائی اور سینی ٹیشن کا مسئلہ حل ہونے کے ساتھ گندگی سے پھیلنے والی بیماریوں کا تدارک بھی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کوڑا تلف کرنے کیلئے مقامی افراد کی مشاورت سے مقامات کا تعین ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر نے سمینہ سادات دیہات میں صفائی آگاہی بارے واک کی قیادت کی،صفائی عمل کا جائزہ لیا اور سینٹری ورکرز کو ایمانداری سے فرائض ادا کرنیکی تلقین کی۔