مانسہرہ، 05 اگست (اے پی پی)؛کشمیر پر چار سالوں سے بھارتی تسلط ہونے کے خلاف مانسہرہ میں ریلی کا انعقاد کیا گیا،برارکوٹ آزاد کشمیر کی سرحد پر ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا
ریلی میں پولیس افسران ،مقامی عوامی نمائندوں اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے بھارتی تسلط و استحصال پر کڑی نکتہ چینی کی۔ان کا کہنا تھا کہ چار سال قبل آج ہی کے دن5اگست2019کو بھارت نےجابرانہ اور ظالمانہ طریقہ اختیار کرکے سراسر غیر قانونی وغیر آئینی طریقہ اختیار کرکے ان آرٹیکلز کو منسوخ کردیا،یہ اقدام مظلوم ومحصور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا واضح استحصال ہے،اس اقدام سے کشمیریوں کے استحصال کا ایک اور باب شروع کردیاگیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ غاصب بھارت کے اس اقدام سے نہ صرف کشمیریوں کوان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے کی بدترین کوشش کی گئی بلکہ کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کوبھی پامال کیاگیا،مقبوضہ کشمیر جو پہلے ہی بھارت کے غاصبانہ قبضے کا شکار ہے۔ جہاں انسانی حقوق کا تصور بھی محال ہے۔ بھارتی فوجی درندے جب چاہتے ہیں لوگوں کو ظلم وتشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ نوجوانوں، بوڑھوں اور بچوں کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے۔ یہ درندے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس جاتے ہیں اور خواتین کو زیادتی کا نشانہ بناتے ہیں۔











