گلیات ،11 اگست (اے پی پی ):گلیات چھانگلہ گلی سے ملحقہ تاجوال میں گزشتہ روز ایک خونخوار جنگلی چیتا اپنے بچوں سمیت مقامی آبادی ہسپتال کے قر یب محلہ کلس میں گھس گیا جس کی وجہ سے پورے علاقہ میں شدید خوف ہراس پھیل گیا۔ اس سے قبل بھی چھانگلہ گلی، زیارت ،محصوم روڈ ،مدار گلی اور ہسپتال کے قریب بھی چیتا دیکھا گیا ۔
مقامی شخص سردار ممتاز نے میڈیا کو بتایا کہ صبح کے وقت ایک شیرنی ہمارے مکان کے قریب دیکھی گی جس پر اہلیان علاقہ نے شور مچایا تو وہ بھاگ گئی جبکہ اس کا بچہ ادھر ہی رہ گیااس موقع پرہم نے فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف کو اطلاع دی جو کہ موقع پر پہنچ گئے اور چیتے کے بچے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران مقامی لوگو ں کے جانوروں کو بھی چیتے نے نقصان پہنچایا ہے۔
مقامی لوگو ں نے مطالبہ کیاکہ متعلقہ محکمے فوری طور پر ان خطرناک جنگلی جانورو ں کو پکڑنے کے لئے سرچ آپریشن کریں بصورت دیگر کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی ذمہ داری محکمہ وائلڈ لائف اور انتظامیہ پر عائد ہوگی، متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ کمشنر ہزارہ سے بھی اہلیان علاقہ نے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔











