گوجرانوالہ،31جولائی(اے پی پی): سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائیاں کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ انہی احکامات کے پیش نظرڈی ایس پی سرکل ماڈل ٹاون عارف محمود خاں کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاون سب انسپکٹر عثمان ذوالنورین و دیگران پر مشتمل پولیس ٹیم نے دوران گشت و ناکہ بندی اور تلاش بد رویہ گان اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بذریعہ کوریئر منشیات بیرون ملک بھجوانے والے دو کس ملزمان کو گرفتار کرکے ا ن کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی دو کلو گرام کے قریب ہیروئن برآمد کرلی۔ برآمدہ ہیروئن کی انٹرنیشنل مارکیٹ میں قیمت کروڑوں روپے میں بنتی ہے۔ گرفتار کیے گئے ملزمان میں کاشف اور ناصرشامل ہیں۔سماجی و سیاسی تنظیموں اور علاقے کے مکینوں کا پولیس کو خراج تحسین۔ اس موقع پرسٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کیلئے منشیات فروشوں کے گرد گھیر ا تنگ کرنا ناگزیر ہے۔ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پراُنہوں نے ڈی ایس پی عارف محمود خاں اور ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاون سب انسپکٹر عثمان ذوالنورین اور انکی پولیس ٹیم کو شاباش دی۔











