پشاور،18اگست(اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی زیرصدارت ہلال احمر پاکستان ضم اضلاع کا اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں گورنر کو ہلال احمر ضم اضلاع برانچ کی مجموعی کارکردگی، اغراض و مقاصد، کمیونٹی خدمات سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی گئی،اسکے علاوہ قدرتی آفات، زلزلہ، سیلاب سمیت مہاجرین کی امداد سمیت ضم اضلاع کی مقامی آبادی کو صحت کی خدمات فراہمی سے متعلق بھی گورنر کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں ہلال احمر پاکستان ضم اضلاع کی منیجنگ کمیٹی کیلئے 11 اراکین کی نامزدگی کی بھی منظوری دی گئی۔
گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ انسانی خدمات میں ہلال احمر پاکستان کا ایک بڑا نام و مقام ہے، دکھی انسانیت کی خدمت میں ہلال احمر کی خدمات قابل ستائش ہیں۔
حاجی غلام علی نے کہا کہ ہلال احمر کار خیر میں لوکل کمیونٹی کو شامل کرے، اور اس مقصد کیلئے ہلال احمر مقامی سطح پر مخیر افراد سے مضبوط روابط قائم کرے انہوں نے مزید کہا کہ مقامی سطح پر مخیر افراد اور لوکل کمیونٹی قدرتی آفات میں خدمات و تعاون کیلئے مددگار ثابت ہوتے ہیں، لہذا ہلال احمر کے تمام صوبائی مراکز اپنے اپنے اضلاع میں ضلعی و تحصیل سطح پر رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے والوں کی فہرستیں تیار کرے۔
اجلاس میں چئیرمین ہلال احمر ضم اضلاع عمران خان، منیجنگ کمیٹی کے اراکین، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر مظہر ارشاد سمیت دیگر نے شرکت کی۔











