گورنر سندھ کا شاہراہ فیصل پر14اگست ریلی کے آغاز کے مقام اور مزار قائد کا دورہ

30

کراچی،13 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے14اگست کو ہونے والی  شاہراہ فیصل پر ریلی کے آغاز کے مقام اور مزار قائد کا دورہ کیا ہے۔

 گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کےمطابق گورنر سندھ نے 14اگست کو ہونے والی ریلی اور عوامی اجتماع کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کو سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ 14اگست کو قومی ترانہ پڑھنے کا بھارتی ریکارڈ توڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملی نغموں کیلئے ایک اسٹیج بھی بنایا جائے گا، جبکہ ثقافتی پروگرام آرٹس کونسل کے صدر ترتیب دے رہے ہیں، اس کے علاوہ شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا جو پہلے کبھی نہیں ہوا ہوگا۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ دنیا تک پیغام پہنچانا ہے کہ پاکستانی قوم ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ نو مئی جیسے واقعات نے پاکستان کا امیج خراب کیا ہے، اب ہم سب نے پاکستان کا امیج بہتر بنانے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے ہر حال میں جاری رہیں گے۔

کامران خان ٹیسوری نے  کہا کہ کم آمدنی والے افراد کے لئے ہیلتھ انشورنس کا منصوبہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ انہوں  نے کہا کہ عوامی گورنرکا لقب ملنے پر فخر محسوس کرتاہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو کچھ میرے بس میں ہے عوام کے لئے کرتا رہوں گا۔

اس موقع پر کمشنر کراچی ، ڈی آئی جی پولیس شرقی، ڈپٹی کمشنرایسٹ ، پاکستان رینجرز کے نمائندے ،ریزیڈنٹ انجینئر ز مزار قائدبھی موجود تھے۔