لاہور، 27اگست(اے پی پی ): نگران وفاقی وزیر ثقا فت و قومی ورثہ جمال شاہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کا واقعہ سیاسی غصہ نہیں بلکہ ملک دشمنی ہو سکتی ہے، جناح ہائوس سے پاکستان کی تاریخی یادیں وابستہ ہیں، شرپسندوں نے شہدا کی یاد گاروں کی توہین کی اور پاکستان کے قابل احترام مقامات اور تنصیبات کومسمار کیا گیا،شہدا نے پاکستان کے امن کیلئے اپنی جانیں دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں جناح ہائوس کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر ثقا فت جمال شاہ نے کہا کہ 9 مئی کو شرپسندوں نے جناح ہائوس کو جلایا اور شہدا کی یاد گاروں کی بے حرمتی کی،یہ ایک ایسا جرم ہے جو ناقابل معافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ سیاسی غصہ نہیں بلکہ ملک دشمنی ہو سکتی ہے، جناح ہائوس کو جن لوگوں نے آگ لگائی وہ اپنی سوچ اور غورو فکر کرنے کا عمل کھو چکے ہیں،ان کا یہ عمل ملک سے غداری کے زمرے میں آتا ہے اور ان کیلئے بردباری کا رویہ نہیں رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے نو مئی کو شرپسندی کی ان کو کیا معلوم کہ ان قابل احترام مقامات اور تنصیبات کی ہمارے ہاں کیا اہمیت ہے،ان لوگوں نے جناح ہائوس کی توقیر کا کو ئی احساس نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندوں نے کرنل شیر خان کے مجسمے کو نہ صرف توڑا بلکہ کندھوں پر اٹھا کر اس کی بے حرمتی کی ،کرنل شیر خان وہ بہادر مجاہد ہیں جن کو دنیا بھی سیلوٹ کرتی ہے،ان شرپسندوں کو یہ معلوم نہیں کہ جس جہاز کو وہ توڑ رہے ہیں اس کو ایک جانباز بہادر سپاہی ایم ایم عالم نے استعمال کیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ وہ کانٹے تھے جن کو کچھ غیر محفوظ ذہنوں نے صرف اور صرف اپنے قلعوں کو مضبوط کرنے کیلئے اگایا تھا اور نو مئی کو شرپسندو ں نے جناح ہائوس پر حملہ کرکے پاکستان کے قابل احترام مقامات اور تنصیبات کو نہ صرف مسمار کیا بلکہ عمارت سے باہر کھڑی گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صوفیا کرام نے برداشت کا درس دیا ہے اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو خوبصورت بنانے کی کوشش کر نے کی تعلیم دی تاکہ وہ جگہیں بہتر طور پر رہنے کے قابل بن جائیں،حضورۖ کے پیغامات کا محور اپنے اندر توازن پیدا کرنا ہے لیکن یہ شر پسند عناصر اپنا توازن کھو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شر پسند وں نے پشاورریڈیو کی عمارت کو بھی بری طرح جلا دیا جہاں پر انفارمیشن کا ایک بہت بڑا ذخیرہ تھا،جو لوگ پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں ان سے ہر وقت باخبر رہنا چاہیے کیونکہ ہم سب نے مل کر ملک کو پرامن اور مستحکم بنانا ہے اور ایسے شر پسند عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہے۔











