اوکاڑہ،13ستمبر(اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان کی زیر صدارت کمیونٹی لائزن ہال میں بجلی چوری کی روک تھام مہم کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس ای واپڈا اوکاڑہ جمشید زمان، لیسکو کے اعلی افسران و اہلکار، تفتیشی افسران اور قانونی ماہرین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
ڈی پی او منصور امان نے کہا کہ بجلی چوری کے مقدمات بلاتاخیر درج کیے جا رہے ہیں،جس میں سستی اور لاپرواہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ بجلی چوری کے خلاف جاری مہم میں اوکاڑہ پولیس نے مختصر مدت میں 931 مقدمات درج کیے ہیں ، قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے والے قومی مجرم ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری سمیت کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہر شخص کو خواہ وہ کتنا ہی با اثر کیوں نا ہو، قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ،پولیس لیسکو سے بھرپور تعاون کر رہی ہے جو جاری و ساری رہے گا ،اگر کہیں مسئلہ درپیش ہو تو لیسکو احکام براہ راست مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔











