اوکاڑہ،21ستمبر(اے پی پی ):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری کی پینتسویں سالگرہ کے سلسلہ میں مختلف مقامات پرکیک کاٹے گئے۔ اس سلسلہ میں پیپلزپارٹی اوکاڑہ سٹی کے انفارمیشن سیکرٹری سلمان قریشی کی رہائش گاہ پر بلاول بھٹوزرداری کی سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ضلعی صدر پی پی پی چوہدری سجاد الحسن نے پارٹی کے دیگر کارکنوں کے ہمراہ شرکت کی ،سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور بلاول بھٹو کی درازی عمر اور کامیابیوں کے لئے دعا کی۔
اسی طرح پیپلزپارٹی تحصیل اوکاڑہ کے صدر راؤ ایاز الکریم کے ڈیرہ پر بھی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ضلعی صدر پی پی پی چوہدری سجاد الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نقشہ قدم چل کر بہت جلد پاکستان کی سیاست کا نقشہ بدل دیں گے۔تحصیل صدر پی پی پی ایاز الکریم نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں وزیراعظم بلاول بھٹو اور جئے بھٹو کے نعرے بلند کئے گئے۔











