بھکر ،27 ستمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نےگورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج چک 47ٹی ڈی اے کا خصوصی دورہ کیا ،ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر نظام تعلیم ،صفائی ستھرائی ،ڈسپلن ،طلباءکے یونیفارم سمیت دیگر انتظامی امور کی کارکردگی کا بطور خاص جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کو بلند کرنے اوران کو نمایاں بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے شجرکاری کے فروغ کیلئے کالج کے طلباء میں سینکڑوں مفت پودے تقسیم کئے اور انہیں تاکید کی کہ وہ یہ پودے اپنے گھروں میں اپنے یا اپنے والدین کے نام سے منسوب کرکے لگائیں اور پودے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی آپ نبھائیں ۔انہوں نے کہا کہ سرسبز و شاداب بھکر کیلئے بڑے چھوٹوں سب پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس قومی فریضہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور خود کو ایک ذمہ داری شہری ثابت کریں اور پودوں کو درخت بننے تک ان کا مناسب خیال اور بروقت پانی دیں تاکہ ہمارا شہر بھکر خوبصورت و سرسبزو شاداب رہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے تعلیمی افسران کو بھی تاکید کی کہ وہ خود بھی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور طلباءکو بھی درختوں کی اہمیت و افادیت بارے آگاہی فراہم کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز کا دورہ کیا اور طلباءکی ذہنی صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے مختلف سوالات بھی پوچھے۔











