بھکر؛ ڈپٹی کمشنر  کا تجاوزات کے خاتمے و ریڑھی بانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے  مرکزی بازار کا دورہ

37

 

بھکر،20 ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان عوامی فلاح و بہبود کے امور کی انجام دہی کیلئے سرگرم عمل ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان عوامی مشکلات کے پیش نظر تجاوزات کے خاتمہ کیلئے تحصیل دریا خان کے مرکزی بازار میں پہنچ گئے ۔انہوں نے موقع پر موجود ریڑھی بان حضرات سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے دریافت کیا کہ آپ جس دکان کے سامنے ریڑھی لگاکر روزی حاصل کرر ہے ہیں کیا وہ دکاندار آپ سے کسی قسم کی اجرت تو وصول نہیں کررہا؟آپ اس دکاندار کے خلاف ابھی بتائیں تاکہ متعلقہ شخص کے خلاف موقع پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

 اس موقع پر ایک ریڑھی بان نے دکاندار کے بارے میں بتایا کہ دکانداراس سے ریڑھی کھڑے کرنے کے پانچ ہزار روپے وصول کرتا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ دکاندار کو موقع پر گرفتار کرواکر مزید قانونی کارروائی کیلئے اسسٹنٹ کمشنر دریا خان ذیشان شریف قیصرانی کو احکامات جاری کردیے۔

 ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر دریا خان کو بازار میں سرکاری حدود لائن کے تعین کیلئے فوری نوعیت کے احکامات جاری کئے کہ ریڑھی بان مقررہ حدود لائن کے اندر رہتے ہوئے اپنا کاروبار جاری رکھیں اور کوئی دکاندار دکان کے سامنے ریڑھی کھڑی کرنے کی اجرت طلب کرے تو فوری میرے ذاتی موبائل نمبر یا اسسٹنٹ کمشنر کے نمبرز پر رابطہ کرکے آگاہ کیا جائے۔

 انہوں نے موقع پر اپنا اور اسسٹنٹ کمشنر دریاخان کا موبائل نمبر ریڑھی بانوں کو دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہاکہ تمام ریڑھی بان متعین کردہ حدود لائن کے اندر رہتے ہوئے اپنا کاروباری جاری رکھیں مگر متعین کردہ حدود لائن سے باہر ریڑھیاں ہرگز ناآنے پائیں تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ ہوسکے بصورت دیگر انکے خلاف بھی ایکشن لیا جائےگا۔