بھکر،20ستمبر(اےپی پی):حکومت پنجاب کا انقلابی اقدام،ضلع بھکر کے 20 گورنمنٹ ہائی سکولوں کوماڈل سکول کا درجہ دے کر انکی خصوصی اونر شپ ڈپٹی کمشنر کے سپرد کردی ہے، اس منصوبہ کا بنیادی مقصد سرکاری سکولوں میں اعلی معیاری نظام تعلیم کو فروغ دینا ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے گورنمنٹ سکینڈری سکول کوٹلہ جام اور گورنمنٹ ماڈل سکینڈری سکول کہاوڑ کلاں کا خصوصی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر سکولوں کے نظام تعلیم ،صفائی ستھرائی ،ڈسپلن ،طلباء کے یونیفارم ،سکولوں کے واش رومز،کمپیوٹر لیب سمیت اساتذہ کرام کی کارکردگی کا بطور خاص جائزہ لیا ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر کے 20 ماڈلز سکولوں میں معیار تعلیم کو بلند کرنے اور ان سکولوں کو نمایاں بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جارہا ہے ۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے شجرکاری کے فروغ کیلئے سکولوں کے طلباء میں سینکڑوں مفت پودے تقسیم کئے اور انہیں تاکید کی کہ وہ یہ پودے اپنے گھروں میں اپنے نام سے یا اپنے والدین کے نام سے منسوب کرکے لگائیں اور پودے کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی آپ نبھائیں، سرسبز و شاداب بھکر کیلئے بڑے چھوٹوں سب پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خود کو ایک ذمہ داری شہری ثابت کریں اور پودوں کو درخت بننے تک ان کا مناسب خیال اور بروقت پانی دیں تاکہ ہمارا شہر بھکر خوبصورت و سرسبزو شاداب رہے ۔
انہوں نے اساتذہ کرام کو بھی تاکید کی کہ وہ خود بھی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور طلباء کو بھی درختوں کی اہمیت و افادیت بارے آگاہی فراہم کریں ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کلاس رومز کا دورہ کیا اور طلباء کی ذہنی صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے مختلف سوالات بھی پوچھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی افسران کو ماڈلز سکولوں کی مزید بہتری کیلئے مختلف ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن غلام فاروق علوی اور ڈی او سکینڈری چوہدری عبدالرحمن سکولز ہیڈماسٹرز بھی موجود تھے ۔











