اسلام آباد،27ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد مجسٹریٹ صدر میر یامین نے ترنول کے علاقہ میں غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے چار سو لیٹر ایرانی پٹرول قبضے میں لے کر دو ایجنسیوں کو سیل کر دیا ہے ۔
بدھ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ترنول کے علاقے میں آپریشن غیر قانونی پیٹرول ایجنسیوں کے خلاف کیا گیا۔مجسٹریٹ صدر نے خلاف ورزی کرنے پر چار سو لیٹر ایرانی پٹرول قبضے میں لے کر دو ایجنسیوں کو سیل کر دیا ۔مجسٹریٹ صدر نے غیر قانونی پٹرول فروخت کرنے والے دو افراد گرفتار کر لئے۔مجسٹریٹ صدر نے ایل پی جی کے غیر قانونی بھرائی سینٹر پر بھی چھاپہ مارا اور سلنڈر بھرنے والی مشین برآمد کر کے تھانہ منتقل کر دی گئی۔غیر قانونی پٹرول فلنگ ایجنسی کی دکانیں سیل جبکہ ایک شخص گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا۔
مجسٹریٹ صدر نے بڑھتے ہوئے ڈینگی کیسز کی روک تھام کے لئے بھی کارروائیاں کیں،ٹائر شاپ اور کباڑ خانہ کو ڈینگی لاوا ملنے پر سیل کر دیا گیا۔











