گوجرانوالہ؛ بجلی چوروں و نادہندگان کیخلاف آپریشن جاری، مزید57 بجلی چور پکڑے گئے

33

گوجرانوالہ ،27 ستمبر(اے پی پی ): گیپکو کا ریجن بھر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف 7 ستمبر سے شروع ہونے والا آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔مزید57 بجلی چور پکڑے گئے، بجلی چوروں کو 40 لاکھ سے زائد کے جرمانے، پکڑے جانے والے بجلی چوروں کی کل تعداد 1076 ہو گئی ہے۔

7ستمبر سے لیکر اب تک گیپکو سرویلنس ٹیموں کے چھاپوں کے نتیجہ میں ریجن کے1076 بجلی چوروں کو9 کروڑ75لاکھ روپے کے جرمانے بھی کئے گئے، جن میں 45 زمیندار،8انڈسٹریل، 33کمرشل اور993 گھریلو صارفین ڈائریکٹ بجلی چوری کرتے قابو آ گئے۔

 چیف ایگزیکٹو گیپکو کا کہنا ہے کہ تمام کے کنکشنز منقطع کر کے ایف آئی آرز درج کروا دی گئی ہیں ۔ انہوںنے مزید کہا کہ بجلی چوری اور واجبات ادا نہ کرنے والوں کا بوجھ بھی صارفین کو اٹھانا پڑتا ہے ان کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اپنے واجبات بروقت ادا کریں اور بجلی چوروں کے خلاف جہاد میں گیپکو کا ساتھ دیں اور شہری ارد گرد بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں، ایسے عناصر کی اطلاع فوری طور پر گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں۔