سانگھڑ؛پاک فوج کے شہداءکی قربانیوں کی بدولت ہم چین کی نیند سوتے ہیں،ڈپٹی کمشنر

38

سانگھڑ ،07 ستمبر(اے پی پی ): پاک فوج کے شہداءکی قربانیوں کی بدولت ہم چین کی نیند سوتے ہیں،ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سانگھڑ محمد اسحاق گاد نے سول ہسپتال سانگھڑ میں ڈائیلاسز وارڈ، ہائی سکول میں نئے تعمیر شدہ آر او پلانٹ اور شہید میجر ثاقب حسین باجوہ کے گھر کو جانے والی سڑک کا نام میجر ثاقب حسین باجوہ شہید کے نام سے منسوب کرنے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔

 افتتاحی تقریب میں چھور کینٹ کے کیپٹن محمد نقی اور شہید میجر کے والد محمد یوسف بھی شریک تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سانگھڑ محمد اسحاق گاد نے کہا کہ شہید کی موت اصل قوم کی حیات ہوتی ہے، اس لئے ہم شہداءکی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں۔ پاک آرمی ملکی دفاع کے لیے سرحدوں پر موجوہونے سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔

 پاک آرمی کے کیپٹن محمد نقی نے کہا کہ شہید میجر کے لواحقین کے حوصلے بلند ہیں اور ہم حوصلے کی داد دیتے ہیں ،پاک آرمی کے ہر جوان اور افسر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ شہادت کے رتبہ پر فائز ہو مگر یہ سعادت کسی نصیب والے کے حصے میں آتی ہے۔

 اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سانگھڑ نہد حسین میرانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیض محمد مری اور شہید میجر ثاقب باجوہ کے بھائی سمیت خاندان کے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔

 واضح رہے کہ 2 جولائی 2023 کو کولوا پہاڑی سلسلے بلاچ بازار بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے سانگھڑ کے نوجوان میجر ثاقب حسین باجوہ(شہید) کی وطن عزیز کے لئے دی گئی قربانی اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے سلسلے میں ان مقامات کو شہید کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔