قصور،13 ستمبر(اے پی پی): ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس وقار عباسی نے پولیس لائن قصور میں ایلیٹ فورس سنٹر کا دورہ کیا ۔ انکے ہمراہ ڈی آئی جی ایلیٹ صادق علی ڈوگر، ایس ایس پی مانیٹرنگ ڈاکٹر ندا عمر چھٹہ اور ڈی پی او طارق عزیز سندھو بھی تھے۔قصورپولیس لائن میں اے آئی جی پنجاب ایلیٹ نے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی،انہوں نے قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ ایلیٹ فورس کے اہلکاروں سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس معمول کی پولیس سے ہٹ کر کام کرتی ہے جو خصوصی مشن کے لئے ہے، ایلیٹ فورس عام گشت کے لئے نہیں بنی اس کو خاص حالات سے نمٹنے کی تربیت دی گئی ہے۔
اے آئی جی نے کہاکہ ایلیٹ فورس کی نفری کا دس فیصد کوٹہ ہر ضلع کی پولیس کو دیا جاتا ہے ، کچے کے علاقے میں بھی ایلیٹ فورس نے آپریشن میں نمایاں کردار ادا کیا، کچے کے آپریشن ساوتھ پنجاب میں ایلیٹ فورس کی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہیں،ایلیٹ فورس کچے کے علاقے کے پولیس ملازمین کو ہی تربیت دیکر ان کو دہشتگردوں کے خلاف تیار کرے گی،ہر ضلع میں ایلیٹ فورس کی طرف سے پولیس جوانوں کو سپیشل ٹریننگ دی جائے گی تاکہ باہر سے ایلیٹ کی نفری نہ منگوانی پڑے، ہمارے جوانوں کی زندگی عام نہیں، شہادت ہمارا مشن ہے مگر جان کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ فورس پنجاب نے کہاکہ ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کو ہر قسم کے حفاظتی انتظامات کے بعد آپریشن میں حصہ لینا چاہیے،ہر ضلع میں ایلیٹ فورس کے سنٹروں میں ملازمین کو بہتر سہولیات فراہم کر رہے ہیں، نئی گاڑیاں دیکر فورس کو مزید منظم کر رہے ہیں ، آئی جی پنجاب کے تعاون سے ہر ڈی پی او کو فنڈز فراہم کئے گئے ہیں، ملازمین کا فزیکل فٹنس ٹیسٹ بھی ہر ماہ لیں گے، ریفریشر کورسز بھی جوانوں کے مورال بڑھانے کے لیے کروائیں گے۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ایلیٹ فورس پنجاب نے کہاکہ کسی بھی آپریشن میں حصہ لینے کے لئے 15 دن سے زائد ایلیٹ فورس کی نفری و گاڑی نہیں رکے گی، کرپشن و غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیں گے ، سزائیں بھی دی جائیں گی، ہر رینج سے ہی اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی جا رہی ہیں تاکہ فورس کے ملازمین کو سہولیات دی جا سکیں۔
انہوں نے کہاکہ ایلیٹ فورس کا الاونس 6 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار کر رہے ہیں، ہم 77 شہداء کے خاندانوں کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔











