قصور،05ستمبر( اے پی پی ): یوم خواندگی کے سلسلہ میں ضلع کونسل ہال میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا،ڈپٹی کمشنرقصور محمد ارشد بھٹی نے بطور مہمان خصوصی سیمینار میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنرقصورمحمدارشد بھٹی نےاپنے خطاب میں کہاکہ سیمینار کا مقصد عوام کو آگاہی دینا ہے کہ تعلیم کیوں ضروری ہے؟، پنجاب حکومت سکولوں سے باہر تمام بچوں کو علم کے دائرے میں لانے کیلئے داخلے کے منظم پروگرام پر عمل پیرا ہے، بچوں کو سکول میں لانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہم سب کو مل کر شرح خواندگی کو بڑھانے کیلئے موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔
ڈپٹی کمشنر قصورنے کہاکہ محکمہ لٹریسی کے زیر اہتمام 19617بچوں کو مفت تعلیم دی جارہی ہے،پسماندہ علاقوں میں 599سے زائد نان فارمل سکولوں میں بچوں کو بنیادی تعلیم دی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بچوں کو تعلیم جیسے زیور سے آراستہ کرنے پر محکمہ لٹریسی کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجو کیشن اتھارٹی،ڈی او لٹریسی،لٹریسی کوآرڈی نیٹر،ضلعی افسران،اساتذہ،طلباءو طالبات نے سیمینار میں شرکت کی ،سیمینار میں طالبات نے ملی نغمے،ٹیبلواور تقاریر پیش کیں۔سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔











