ملتان، 22 ستمبر (اے پی پی ): علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کی 50سالہ تقریبات کا آغاز کر دیا گیا،اس سلسلے میں ریجنل کیمپس علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملتان کیمپس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کیک کاٹا ۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات نےبھی تقریب میں شرکت کی ۔
فارغ التحصیل طلباء نے اوپن یونیورسٹی سے اپنی وابستگیوں اور یادوں کو تازہ کیا۔یونیورسٹی حکام کی طرف سے فارغ التحصیل طلباء کی تجاویز کا خیر مقدم کیا ۔
اسلام آباد سے ملتان کے دورے پر آئے ہوئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے بھی ایلومینائی اجلاس میں شرکت کی اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو رہی ہے ،یونیورسٹی کے ایل ایم ایس سسٹم کو مزید بہترکیا جا رہا ہے، طلبہ وطالبات کو ان کی دہلیز پر تعلیم فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل برو کار لایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ داخلہ سے لے کر ڈگری کے اجراء تک تمام مراحل کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ طلبہ وطالبات کی سہولت کے لیے پاکستان بھر میں سؤفٹ سنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں ،سؤفٹ سنٹرز پر طلبہ و طالبات کو آن لائن داخلہ اور فیس جمع کروانے کی سہولت میسر ہو گی ،سؤفٹ سنٹر پر طالب علم کو کسی بھی قسم کے اضافی چارجز نہیں دینا پڑیں گے ۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اعلیٰ معیار کے ٹیوٹرزاور ریسورس پرسن کا انتخاب کرتی ہے ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کوالٹی آف ایجوکیشن پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی 46 لاکھ طلبہ و طالبات کو ڈگریاں جاری کر چکی ہے، ایک سمسٹر میں7 لاکھ طلباء وطالبات کو تعلیم دی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریسرچ پروجیکٹس پر بھی تیزی سے کام جاری ہے ، ڈگری اجراء کے مسائل کو فوری حل کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ڈی جی ریجنل سروسز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان بھی موجود تھے۔











