لاہور،22 ستمبر(اے پی پی): کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ایل ڈی اے ون ونڈوسیل کا اچانک دورہ کیا،ون ونڈوسیل میں موجود سٹاف کی حاضری و کارکردگی کا جائزہ لیا۔ون ونڈوسیل میں آئے شہریوں سے عملہ کی کارکردگی و رویے بارے پوچھا۔
کمشنر و ڈی جی محمد علی رندھاوا نے ون ونڈو سیل پر آئی بزرگ خاتون سے ایل ڈی اے سے متعلقہ ایشو بارے استفسار کیا اور کہا کہ بزرگ افراد کے لیے ون ونڈوسیل میں سینئر سیٹیزن کاؤنٹر قائم، خصوصی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔75 سال سے زائد بزرگ افراد کو دستاویزات ان کے گھر کی دہلیز پر بالکل فری ڈلیور کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے ون ونڈوسیل کے اوقات کار صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک ہیں، شہری رات 9 بجے تک ایل ڈی اے ون ونڈوسیل سے سروسز حاصل کر سکتے ہیں۔
کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے اوورسیز کاؤنٹر، سینئر سیٹیزن کاؤنٹر سمیت تمام کاونٹرز کی ورکنگ کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹر عمران علی، ڈائریکٹر ون ونڈو اسد اللہ چیمہ، ڈائریکٹر ون ونڈو رافیعہ نذیر بھی موجود تھیں۔











