نشتر ہسپتال میں طبی فضلے کی تلفی کے لیے نئے انسینریٹر کی تنصیب

19

ملتان،19 ستمبر(اے پی پی): نشتر ہسپتال میں طبی فضلے کی تلفی کے لیے نئے انسینریٹر کی تنصیب،نشتر ہسپتال میں نئے انسینریٹر سسٹم کا افتتاح گزشتہ روز وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کیا۔ انچارج پاک اٹالین ماڈرن برن سنٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد نوید اختر، ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی خان اور اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر علی مہدی سمیت دیگر انتظامی افسران بھی اس موقع پر وہاں موجود تھے۔

 افتتاحی تقریب کے موقع پر مریضوں کی جلد صحت یابی، ہسپتال اور ملکی ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی گئی ۔ پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ طبی مواد کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے اس جدید انسینریٹر کی تنصیب بیماریوں کے پھیلاؤ کے سد باب کو یقینی بنانے میں مدد گار ثابت ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مریضوں کی فلاح وبہبود سے متعلقہ نئے منصوبوں کے آغاز اور تکمیل کیلئے نشتر انتظامیہ ہمہ وقت کوشاں ہے۔