نوشہرہ ورکاں،18 ستمبر(اے پی پی): ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں اور گردو نواح میں حالیہ سیزن میں دھان کی فصلوں پر موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے مختلف امراض کے حملے سے کاشتکاروں کا سیزن تباہ ہو گیا۔اگیتی کاشت کی گئی دھان کی فصلوں پر شدید گرمی سے پڑنے والے ساڑ سے بیشتر فصلوں پر بہار کا تصور بھی دکھائی نہیں دیا جبکہ کچھ فصلوں کی نگہداشت کے باوجود کاشتکاروں کے تصور میں موجود ہدف پورا نہ ہو سکا جن کھیتوں سے 55سے 65 من دھان اٹھانے کا ریکارڈ موجود ہے انہی کھیتوں سے دس اور پندرہ سے پچیس من دھان کی پیداوار ملنے سے کھیتوں پر اٹھنے والے اخراجات اور ٹھیکہ کی رقم بھی پوری نہ ہو سکی اور کاشتکار و زمیندار دھان کے اس سیزن میں بری طرح خسارے میں چلے گئے ہیں اور حالیہ دنوں میں دھان کی فصل کے ایک من تک ایک ہزار روپےگرتے ہوئے ریٹس بھی کاشتکار اور زمیندار کی پریشانی کا سبب بن گئے ہیں اور چاول کا معیار بھی گرنے کا قوی امکان ہے۔
مارچ اپریل میں گرمی کے آغاز سے گندم کی فصل بری طرح متاثر ہوئی اور فی ایکڑ جھاڑ نصف حد تک گر گیا تھا اور دھان کی اگیتی کاشت کردہ فصل بھی گرمی کے موسم سے بری طرح متاثر ہوئی ہے اور کاشتکار کا پورا سال اور سیزن خسارے کی نظر ہو چکا ہے۔ اس سلسلے میں زراعت ایکسپرٹ کا کہنا ہے کہ اداروں کی موجودگی اور فیلڈ افسران کی بروقت رہنمائی میسر ہونے کے باوجود کاشتکار اور زمیندار مشاورتی عمل کی کمی کا شکار ہیں ۔











