نگران صوبائی وزیر داخلہ کا   گھوٹکی کا دورہ ، امن و امان و کچے میں ڈاکوﺅں کیخلاف آپریشن پر بریفنگ  لی

22

گھوٹکی،20 ستمبر(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے آئی جی سندھ کے ہمراہ گھوٹکی کا دورہ کیا اور ایس ایس پی آفس میں امن و امان اور کچے میں ڈاکووں کے خلاف آپریشن پر بریفنگ لی۔ ایس ایس پی گھوٹکی منیر احمد کھوڑو کی جانب سے نگران صوبائی وزیر داخلہ  کو کچے میں قائم پولیس پکٹس اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے متعلق بریفنگ دی گئی۔

 اجلاس کے بعد نگران صوبائی وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے آئی جی سندھ رفعت مختیار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نگران حکومت کے نمائندے ہیں ،ہر صورت جرائم کے خاتمے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں ،کچے اور پکے میں ایک جیسا آپریشن کیا جائے گا، جرائم پیشہ عناصر کے سہولت کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، پکے کے ان سہولت کاروں کو بھی تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ ڈاکووں کی سہولت کاری سے باز آ جائیں ،انٹیلی جنس بیسڈ پولیس آپریشن کیا جائے گا اور کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی ۔ صوبائی وزیر داخلہ سندھ حارث نواز نے کہا کہ جرائم میں اگر قبیلوں کے سردار ملوث پائے گئے تو انہیں بھی کسی صورت نہیں بخشا جائے گا، شکار پور اور کشمور کی تاجر برادری میں تشویش پائی جاتی ہے وہاں کے جو بھی سردار اغواء برائے تاوان میں ملوث پائے جائیں گے انکے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ  سرداروں کو وارننگ کے بعد کشمور کے مغوی ساگر کمار کی بازیابی ممکن ہوئی ہے جبکہ فی الحال کسی سردار کا نام سامنے نہیں آیا جبکہ جرائم کے خاتمے کے خلاف آپریشن میں ہمیں کسی قسم کے دباؤکا سامنا نہیں ہے ، آپریشن کے دوران کسی قسم کی سیاسی یا انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

 صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ سکھر کے صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی نشاندہی ہو چکی ہے ،ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہونگے جبکہ رانی پور واقعہ کی تفتیش کے لئے اسپیشل تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو دو اہم کیسوں کو دیکھے گی ،آپریشن کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ایک دو ہفتوں میں جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

صوبائی وزیر داخلہ نے  کہا کہ ڈہرکی کے علاقے رہڑکی سے اغوا ہونے والے رنجیت کمار کو فوری طور پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بازیاب اور اغواءکار کو گرفتار کرنے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش ہے ۔اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ نے ہندو کمیونٹی کے وفد سے ملاقات کی اور انہیں ہر قسم کے تحفظ اوران کے خدشات کو دور کرنے کی یقین دہائی کروائی ۔

 اجلاس میں ڈی آئی سکھر عبد الحمید کھوسو، ڈی آئی جی لاڑکانہ جاوید جسکانی، ایس ایس پی گھوٹکی، ایس ایس پی کشمور، ایس ایس پی سکھر، ایس ایس پی لاڑکانہ پنجاب کے پولیس اور رینجرز کے آفیسران نے شرکت کی۔