نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی دو روزہ دورے پرگوادرپہنچ گئے،جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے

26

 

کوئٹہ، 25 ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی دو روزہ دورے پر پیر کی شام گوادر پہنچ گئے،ائیر پورٹ پر کمشنر مکران ڈویژن سعید احمد عمرانی، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر مجیب الرحمن قمبرانی اور ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی نے ان  کا استقبال کیا۔

نگران وزیراعلیٰ کو دورہ گوادر کے موقع پر جاری ترقیاتی منصوبوں اورامن و امان کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی جائے گی ،نگران وزیر اعلیٰ جی ڈے اے اسکول ، جی ڈے اے ہسپتال ،گوادر پورٹ ٹرمینل اور چائنیز بزنس سینٹر کا دورہ بھی کریں گے۔

 میر علی مردان خان ڈومکی کی سربراہی میں ، نگران صوبائی حکومت کی جانب  سے گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے اور کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے واضح روڑ میپ پر عمل درآمد کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے جس کا جائزہ لینے کیلئے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان گوادر کا دورہ کررہے ہیں ،دورے کے موقع پر حکام انہیں مختلف منصوبوں سے متعلق کام کی رفتار ، پیش رفت میں تیزی اور متوقع تاریخ تکمیل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں گے ۔