لاہور، 10ستمبر(اے پی پی): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے مسلم ہینڈز پاکستان کے چھ رکنی وفد نے ملاقات کی،مسلم ہینڈز پاکستان کے چیئرمین سید لخت حسنین نے وزیر اعلی پنجاب کو فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔انھوں نے بریفنگ میں بتایا کہ مسلم ہینڈز پاکستان پنجاب میں 117 سکول چلا رہی ہے اور اس کے ساتھ ہی ساتھ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں صحت اور تعلیم کے فلاحی منصوبے بھی چلائے جا رہے ہیں ۔انھوں نے بریفنگ میں بتایا کہ نوجوانوں کو خود انحصاری کی طرف گامزن کرنے کے لئے مارکیٹ بیسڈ آئی ٹی سکلز کا اہتمام کیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب میں 18 سکول آف ایکسی لینس اور 35 ماڈل سکول چلائے جا رہے ہیں ۔
وزیر اعلی نے بتایا کہ پنجاب کے 1000 سکولوں کا انتظام و انصرام مسلم ہینڈز پاکستان کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو مسلم ہینڈز پاکستان سے قواعد و ضوابط طے کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔انہوں نے ہدایت دی کہ ایک ہفتے کے اندر حکومت پنجاب اور مسلم ہینڈز پاکستان کے درمیان ایم او یو کے حوالے سے امور طے کیے جائیں۔
ملاقات میں یتیم خانوں اور دارالامان کے انتظامات بھی مسلم ہینڈز پاکستان کے سپرد کرنے کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے سرکاری سکولوں کا معیار تعلیم بلند ہو گا۔انھوں نے کہا کہ مسلم ہینڈز پاکستان کے تعاون سے بڑے ہسپتالوں کے ایمرجنسی کو اپ گریڈ کرنے پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لئے نجی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
اس موقع پرچیئرمین مسلم ہینڈز پاکستان سید لخت حسنین نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کے لئے کام کرنے کے لئے تیار ہیں ۔
صوبائی اطلاعات وزیر عامر میر، چیئرمین مسلم ہینڈز پاکستان سید لخت حسنین، ڈائریکٹر پروگرام خالد محمود قریشی، سید جاوید جیلانی، میاں عمر فاروق، رانا عمر، راجہ ارسلان نصرت اس موقع پر موجود تھے۔











