کوئٹہ؛ بیوٹمز میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ ،بلوچستان بھر سے 9234 امیدواروں کی شرکت

26

کوئٹہ،10ستمبر(اے پی پی): کوئٹہ میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ بولان یونیورسٹی آف  میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام بلوچستان یونیورسٹی  آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کوئٹہ میں منعقد ہوا۔انٹری ٹیسٹ میں بلوچستان بھر سے   9234   امیدواروں نے  حصہ لیا جن میں 5249 طلباء اور 3983 طالبات  شامل  تھیں ۔

نگران وزیر صحت ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی نے انٹری ٹیسٹ کے امتحان  کا معائنہ کیا اور ٹیسٹ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا،انٹری ٹیسٹ کے جوابات آج رات مقررہ وقت پر بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کی ویب سائیٹس پرجاری کر دئیے جائیں گے جبکہ نتیجہ ایک ہفتے میں جاری کیا جائے گا، انٹری ٹیسٹ میں 200 سوالات  تھے اور ٹیسٹ کا دورانیہ 3 گھنٹے 30 منٹ تھا،ٹیسٹ کا انعقاد خوش اسلوبی سے مکمل ہوا جس کا آغاز صبح 10:30 بجے ہوا اور دوپہر 2 بجے مکمل ہوا۔

بلوچستان کے لیے چیف کوآرڈینیٹر برائے   میڈیکل انٹری ٹیسٹ 2023   پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی اور  بولان یونیورسٹی آف  میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے پروفیسرز، محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے افسران نے ٹیسٹ کے عمل نگرانی کی جبکہ امتحانی عملے کی خدمات بیوٹمز کے اساتذہ نے سر انجام دیں۔