اسلام آباد،25ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائےمواصلات، ریلویز اور سمندری امور شاہد اشرف تارڑ سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پیر کو یہاں ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آذر بائیجان کے سفیر خضر فربادوف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات قائم ہیں ،پاکستان سے آذربائیجان براہ راست پرواز کےآغاز کے بعد دونوں ممالک کو ریلوے اور روڈ سے جوڑنا چاہتے ہیں، دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہو گا،پاکستان کے بین الاقوامی ٹرانسپورٹ سے منسلک ہونے سے علاقائی رابطوں میں اضافہ ممکن ہو گا، پاکستان براستہ آذربائیجان، روس اور یورپ تک رسائی حاصل کر سکتا ہے ۔
نگراں وزیر برائے ریلویز نےچیئرمین ریلویز کو آذربائیجان کے ساتھ ریل روٹ جوڑنے کی ہدایات دینے بارے آذر بائیجان کے سفیر کو مطلع کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کے دو طرفہ تعلقات کو اقتصادی تعاون میں بدلا جائے۔ اس سلسلے میں مواصلات ، رابطوں اور سیاحت جیسے شعبوں پر توجہ مذکور کرتے ہوئے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا اعادہ کیا گیا ۔پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد سے جلد حتمی شکل دینے کا منصوبہ بھی زیر بحث آیا۔ پاکستان -آذر بائیجان دونوں برادر اسلامی ملک ہیں اور آپس میں ثقافتی،اسلامی،تاریخی میدانوں میں مماثلت رکھتے ہیں ۔











