ملتان، 20 ستمبر(اے پی پی ):ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ فزکس میں ہائرایجوکیشن کمیشن، برٹش کونسل، لندن ساؤتھ بینک یونیورسٹی اور جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے باہمی اشتراک سے دو روزہ “توانائی اور ماحولیات کی ترقی میں عالمی چیلنجز” کے موضوع پر تیسری انٹرنیشنل کانفرنس شرو ع ہوگئی ہے ، رواں برس کانفرنس کا عنوان‘‘عالمی چیلنجز توانائی اور ماحولیاتی ترقی میں’’میں رکھا گیا ہے۔
کانفرنس میں ملتان چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اور برٹش کونسل کے نمائندے محمد احسان نے شرکت کی جبکہ رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان اور تمام شعبوں کی چیئرپرسنز اور طالبات نے بھی شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس کی پیٹرن ان چیف وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ ہم تاریخ کے ایک اہم موڑ پر کھڑے ہیں، بہت سے بحرانوں سے دوچار دنیا میں موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کی حفاظت آج کے دور کے سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک ہیں،ان بڑے چیلنجوں کا سامنا کرنے میں ایک رکاوٹ یہ ہے کہ ہم موسمیاتی تبدیلی کو صرف توانائی کے نقطہ نظر سے دیکھتے ہیں جبکہ اس سیارے پر زندگی کو برقراررکھنے کےلئے آپ کو اس کے مطابق اپنے رویے کو تبدیل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ای لائف، سولر ائزایشن انفراسٹرکچر بائیوفیول جیسے اقدامات اٹھانا ہوں گے، قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر قائم کرنا ہوگا،ماحولیاتی آلودگی کوکم کرنے کے لئے ، ہمیں گرین اور کلین ٹیکنالوجی سپلائی چینز کو لچکدار بنانا ہے، پاکستان کے لوگ ماحولیات کےبارے باشعور ہیں اور اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہیں۔
پیٹرن ان چیف وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ ماحول کو بہتر بنانے کےلئے ہم دنیا بھر میں کھاد کے متبادل کے طور پر قدرتی کاشتکاری کا ایک نیا ماڈل تشکیل دے سکتے ہیں، میرا ماننا ہے کہ ہمیں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا فائدہ دنیا کے ہر کسان تک پہنچانا چاہیے۔ آرگینک فوڈ کو فیشن اسٹیٹمنٹ اور کامرس سے الگ کر کے اسے غذائیت اور صحت سے جوڑنا ہماری کوشش ہونی چاہیے ۔
فوکل پرسن چیئرپرسن ڈاکٹر ملکہ رانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ فزکس نے تین برس قبل جو سفر شروع کیا تھا وہ کامیابی سے جاری ہے ،یہ کانفرنس اب مستقل طورپر یونیورسٹی کا کلینڈر کا حصہ بن گی ہے اوراس کی مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں ہمیں امید ہے کہ اس کانفرنس کا اعلانیہ ہمیں انرجی اور ماحولیات سے نمٹنے کی راہیں دکھائے گا ، کانفرنس کے دوسیشنز میں مقررین اپنے پیپرز پیش کئے۔
کانفرنس میں بیرون ملک سے ڈاکٹر طارق سجاد، ڈاکٹر زونیب علی، ڈاکٹر رابعہ خاتون، ڈاکٹر اوسوالڈو، ڈاکٹر جون برک ایچ اور ڈاکٹر صفیہ بارکزئی شرکت کررہے ہیں، نو سائنسدان نے آن لائن شرکت کی ،جبکہ ملک بھر سے 22 سے زائد ماہرین تعلیم اور فزکس کے ماہرویمن یونیورسٹی کے مہمان بنے ہیں ۔
آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے ڈاکٹر ملکہ رانی اور تمام آرگنائزر اور اسپانسرز کو انٹرنیشنل کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ اور رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان نے کانفرنس کے شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی۔











