پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی بیرونی جارحیت سے نمٹنے کیلئے تیار ہے؛سفیر آمنہ بلوچ

3

 

برسلز(بلجیئم)، 06 ستمبر(اے پی پی):برسلز میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج، ملک کے دفاع کے لیے کسی بھی بیرونی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب برسلز میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں کیا جس  کا اہتمام پاک بیلگ سوشیو کلچرل ایسوسی ایشن اور برسلز میں پاکستانی کمیونٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔مہمان خصوصی، یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے اس دن کی تاریخ اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔

سفیر آمنہ بلوچ نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن پاکستان کے خلاف مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے دی گئی عظیم قربانیوں کی یاد دہانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کی بہادری کا اعتراف کرتی ہے اور ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم دفاع منایا جاتا ہے۔

تقریب میں شریک ڈاکٹر علی شیرازی، ڈاکٹر کامران، چوہدری عمران ثاقب، سردار محمود اقبال اور سردار صدیق نے اپنے خطابات میں پاکستان کے دفاع اور سلامتی میں مسلح افواج کی عظیم قربانیوں کو سراہا۔

تقریب میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور کامیابیوں پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی اور ملک کی خوشحالی اور مسلح افواج کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔