پشاور ؛پولیس نے اہم کارروائی کے دوران خطرناک تین گینگز کو بے نقاب کردیا

31

پشاور،27 ستمبر(اے پی پی): پشاور کے علاقہ فقیرآباد کے اے ایس پی سید طلال احمد شاہ کی زیر نگرانی ایک آپریشن میں پولیس نے سرگرم خطرناک تین گینگز کو بے نقاب کردیا۔اس سلسلے میں پشاور، فقیرآباد تھانہ کے ایس ایچ او امتیاز خان اور ایس ایچ او تھانہ پہاڑی پورہ علی ادرش نے کاروائی کرتے ہوئے موٹر کار ، موٹر سائیکل سنیچنگ اور سٹریٹ کرائمز میں ملوث گینگز کے 8 ملزمان گرفتار کرلیے۔

مذکورہ گرفتار ملزمان اسلحہ کی نوک پر شہریوں سے قیمتی موبائل چھیننے میں بھی ملوث ہیں اور ان کے قبضہ سے چوری شدہ اور چھینے گئے 5عدد گاڑیاں ، 13عدد موٹر سائیکل،48عدد قیمتی موبائل فونز اور اسلحہ بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ان ملزمان کو مختلف کاروائیوں کے دوران پشاور کے علاوہ دیگر علاقوں سے بھی گرفتار کیا گیا ہے،اس گینگ کے گرفتار ملزمان مسروقہ گاڑیاں اور موٹر سائیکل کے انجن چیسز نمبرات تبدیل کرکے ٹمپر کرتے اور گاڑیاں ، موٹرسائیکل اور موبائل فونز اونے پونے داموں فروخت کرتے تھے۔

اس واقعہ کی بابت اے ایس پی فقیر آباد سید طلال احمد شاہ نے کہا کہ ملزمان میں چوری شدہ موبائل کے ریسور اور آئی ایم ای آئی تبدیل کرنے والے ماہر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے، جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ اے ایس پی فقیر آباد سید طلال احمد شاہ نے کہا کہ فقیرآباد ڈویژن میں سٹریٹ کرائمز اور دیگر جرائم کا قلع قمع کرنے کیلئے ایس پی فقیر آباد ڈاکٹر محمد عمر کی ہدایت پر خصوصی کارروائیاں جاری ہیں۔