ڈیرہ غازی خان،28ستمبر(اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسرڈی جی خان کیپٹن (ر) سجادحسن خان کے احکامات پر ریجن کےتمام اضلاع میں 12 ربیع الاول عیدمیلادالنبی ﷺ پر سیکورٹی انتظامات مکمل، سکیورٹی پلان جاری کردیا گیا ہے۔
ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں12 ربیع الاول کے سلسلہ میں عیدمیلادالنبی ﷺکے 173 جلوس ،67 محفل میلاد کے پروگرامز منعقدہوں گے جن کی سیکورٹی کے لیے20 ڈی ایس پیز ،18 انسپکٹرز سمیت 4395 افسران واہلکاران تعینات کیئے جا رہے ہیں، تمام اضلاع میں جلوس اور محفل میلادﷺکی نگرانی وویڈیو ریکارڈنگ کےلیے 277 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیئے گئے ہیں ۔22 واک تھرو گیٹ ،621 میٹل ڈیٹکٹر ز کے ذریعے جلوس اور محفل میلاد میں داخل ہونے والے افراد کی تلاشی لی جائے گی۔
اس کے علاوہ پنجاب پولیس، ایلیٹ فورس ،ڈولفن فورس ،موٹرسائیکل اسکواڈ اور کوئیک ریسپانس فورس کی ٹیمیں بھی مسلسل فعال رہیں گی ۔ جلوسوں اور محافل میلادکے منتظمین کے تعاون سے 703 ولینٹرز بھی معاونت کے فرائض سر انجا م دیں گے ۔
محفل میلاد کے پروگرامز میں شامل ہونے والےتمام افراد کو فیزیکل اور بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹراور واک تھرو گیٹ چیکنگ کے بعد داخل ہونے دیاجائے گا۔ تمام جلوسوں کے روٹس کی بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے ذریعہ سکریننگ اور سکیننگ کی جائےگی۔ روٹ پر آنے والی عمارتوں پر سنائیپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ تمام اضلاع میں پروگرامز کی برائے راست مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول رومز قائم کیئے گئے جنہیں ریجنل پولیس آفس میں قائم کنٹرول روم کے ساتھ منسلک کیاگیا ہے جو 24 گھنٹے فعال رہیں گے ۔
اس حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجادحسن خان نے کہا کہ تمام اضلاع میں جلوسوں اور محفل میلادﷺ کے پروگرامز کے گردونواح کے علاقہ جات میں سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کئے جائیں۔ تمام مکاتب فکر کے علماء،امن کمیٹی،تاجروں اور انتظامیہ کےباہمی تعاون سے امن کو برقرار رکھا جائے۔











