نارووال،28 ستمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنرمحمداشرف نے کہا ہے کہ پولیوکاخاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، علماءکرام اور میڈیاسمیت تمام شعبوں سےوابستہ افراد انسداد پولیو کی قومی مہم کے سفیر ہیں، پڑھے لکھےطبقے کو اس موذی وائرس کے خاتمہ کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیو ریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنرمحمداشرف نے کہا کہ 2اکتوبر سے شروع ہونے والی 5روزہ انسداد پولیو مہم میں ہرفرد اپنا بھرپور کردار ادا کرے، پولیو ویکسین کے دو قطرے پلا کر ہمیں اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانا ہے لہذا پولیو مہم کو صحت مند پاکستان کے لئے کامیاب بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ انسدادپولیو مہم کو کامیاب بنانا صرف محکمہ صحت کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ معاشرے کے ہر باشعور شہری کی ذمہ داری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ علماءکرام ، والدین ، میڈیا نمائندگان انسداد پولیومہم کو کامیاب بنانے کے لئے کلیدی کردار اداکریں تاکہ ہربچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پی سکے۔ انہوں نے کہاکہ پولیو مہم میں حصہ لینے والے ورکرزہمارا فخراور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جوگھرگھرجاکر معصوم بچوں کوپولیوسے بچاوکے قطرے پلاتے ہیں اس لیے ہمارا فرض ہے آنے والے ورکرز کے ساتھ عزت واحترام کے ساتھ پیش آئیں۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرنویدحیدراورڈی ایچ او ڈاکٹرمحمدطارق نے ڈپٹی کمشنر کوبتایاکہ محکمہ صحت کی طرف سے 2اکتوبرکوشروع ہونے والی پانچ روزہ انسدادپولیو مہم کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمرکے 3لاکھ65ہزار198بچوں کوپولیوکے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے 1ہزار341ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز خضرظہورگورائیہ، فاروق اعظم، سی ای اوہیلتھ ڈاکٹرنویدحیدر، ڈی ایچ اوڈاکٹرمحمدطارق، نمائندہ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹرعاقب، ڈی ایس پی ٹریفک عمران سعیدقریشی، ڈی ایس وی مجاہدعلی، ڈی آئی اواحسان الحق چوہدری، مذہبی اسکالرپیرمحمدتبسم بشیراویسی، ڈائریکٹردی ایجوکیٹرزچوہدری انوارالحق کے علاوہ دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔











