کوئٹہ ؛زراعت کے فروغ کیلئے پانی ذخیرہ کرنیکی صلاحیت میں اضافے کی ضرورت ہے ،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان

5

کوئٹہ ،6 ستمبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ زراعت کے فروغ کے لئے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے کی ضرورت ہے ، زیر زمین پانی زراعت کے لئے بروئے کار لاکر ہم اپنی آئندہ نسلوں کا پینے کا پانی استعمال کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت محکمہ آبپاشی کے محکمانہ امور کے منعقدہ اجلاس کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ زیر تعمیر ڈیموں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے جبکہ 100ڈیموں کی تعمیر کے منصوبے کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈیموں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ کمانڈ ایریا کی ڈویلپمنٹ کے منصوبے بھی جلد مکمل کئے جائیں ، پنجگور اور آواران ڈیموں کے مجوزہ وفاقی منصوبوں پر فوری عملدرآمد کا آغاز یقینی بنایا جائے۔

 سیکرٹری آبپاشی حافظ عبدالماجد نے اجلاس کو بریفنگ میں صوبے میں ڈیموں کی تعمیر پٹ فیڈر کنال کی ری ماڈلنگ اور کچھی کنال کے توسیعی منصوبے پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں مشیر محکمہ آبپاشی میر دانش لانگو ،چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، اے سی ایس منصوبہ بندی و ترقیات شریک ہوئے۔