پشاور؛ریسکیو1122 سے موٹر سائیکل ایمبولینس سروس کا آغاز

37

پشاور،6ستمبر(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا ہے کہ ریسکیو1122 نے پشاور سے موٹر سائیکل ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا ہے جو سروس ٹریفک جام اور روڈ بندش کے دوران بروقت خدمات یقینی بنائے گا۔

ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ایمرجنسی کال وصول ہوتے ہی موٹر سائیکل سروس فرسٹ ریسپانڈر کے طور پر کام کریگی اور اس مقصد کیلئے موٹر سائیکل میں بی پی سیٹ، گلوکومیٹر، پلس اکسیمیٹر و نیبولائزر موجود ہیں اسکے علاوہ موٹر سائیکل میں مزید سروائیکل کالر، آکسیجن سلینڈر، ٹورنیکیٹس سمیت ابتدائی طبی امداد کے آلات و ادویات بھی موجود ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر ریسکیو1122 ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن موجود ہوگا جو مریض یا زخمی کو موقع پر طبی امداد فراہم کریگا جبکہ بوقت ضرورت ہسپتال منتقل کرے گا۔

ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ موٹر سائیکل سروس کے کامیاب پراجیکٹ پر اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائیگا، جبکہ موٹر سائیکل سروس سے ریسکیو1122 اب عوام الناس کو ان کی گھر کی دہلیز پر خدمات فراہم ہوں گی۔