سرگودھا،06 ستمبر(اے پی پی): گورنمنٹ جامع گرلز ہائی سکول سرگودھا میں یوم دفاع کی مناسبت سے خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔پروگرام میں تلاوت، نعت، قومی نغمے، تقاریر، ٹیبلو اور پینٹنگ کے مقابلے منعقد کیے گئے۔
مقابلوں کا پروگرام بشریٰ بتول اور عاصمہ جلیل نے ترتیب دیا۔ راحیلہ عالمگیر، نویدہ تبسم اور اعظم جبین مقابلوں کی ججز تھیں جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض عابدہ شاہین نے سرانجام دیئے۔ مقابلوں میں مختلف کلاسز کے طلباء نے حصہ لیا اور اپنی تقاریر اور قومی ترانوں کے ذریعے یوم دفاع کی تاریخ اور اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر ممبر سکول کونسل مشرف سلطانہ نے کہا کہ 1965 ءکی جنگ پاکستان کی دفاعی تاریخ کا ایک بہترین باب ہے، جب ہماری بہادر مسلح افواج نے بڑی جرات کے ساتھ وطن کا دفاع کیا اور دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ سرگودھا، سیالکوٹ اور لاہور سمیت تین شہروں کو حکومت پاکستان نے 1965ءکی پاک بھارت جنگ کے دوران دشمن کے خلاف شدید مزاحمت کا مظاہرہ کرنے پر ہلالِ استقلال سے نوازا تھا کیونکہ یہ شہر بھارتی افواج کے حملے کا نشانہ تھے۔
پرنسپل گورنمنٹ جامع گرلز ہائی سکول روبینہ کوثرنے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے اپنی عظیم حکمت عملی کے ذریعے 1965 ءکی جنگ میں بھارتی افواج کو شکست دی جبکہ محمد محمود عالم ایک جنگی ہیرو تھے جنہوں نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں پانچ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور 1965 ءکے دوران عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
بعد ازاں تقریب کے مہمان خصوصی ممبر سکول کونسل مشرف سلطانہ اور پرنسپل روبینہ کوثر سمیعہ نورین نے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔
ممبر سکول کونسل مشرف سلطانہ تقریب کی مہمان خصوصی تھیں جبکہ پرنسپل گورنمنٹ جامع گرلز ہائی سکول روبینہ کوثر،وائس پرنسپل سمعیہ نورین،سٹیج سیکرٹری عابدہ شاہین دیگر تدریسی عملہ اور طالبات کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔











