کھیل کسی بھی قوم کے نوجوانوں کو جیتنے کے جذبے سے معمور کرتے ہیں ،کمشنر ساہیوال

64

ساہیوال،13 ستمبر(اے پی پی): کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ کھیل کسی بھی قوم کے نوجوانوں کو جیتنے کے جذبے سے معمورکرتے ہیں اور کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے نوجوان نسل کو کئی قسم کی معاشرتی برائیوں سے بچایا جا سکتا ہے۔کھیلوں کی بدولت انسان میں سپورٹس مین کا جذبہ بیدار ہوتا ہے، کھیل ہر انسان کی زندگی کے لئے ضروری ہیں جو ہمیں جسمانی طور پر فٹ اور مضبوط رکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج ساہیوال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ڈویژنل سطح پر ہونے والے مقابلوں کے جیتنے والے204کھلاڑیوں کو صوبائی سطح کے مقابلوں میں شرکت کے لئے روانہ کیا گیا، انہوں نے کھلاڑیوں کے دستوں کی حوصلہ افزائی کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی نے کہا کہ صحت مند دماغ کے لئے صحت مند جسم بے حد ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کسی بھی قوم کا چہرہ ہوتے ہیں جو مثبت جذبوں کو ابھارتے ہیں۔

 پرنسپل گورنمنٹ کالج پروفیسر ممتاز احمد وٹو نے کہا کہ تمام کھلاڑی جیت کے لئے میدان میں اتریں، انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ کالج ساہیوال پہلے آٹھ مقابلہ جات میں ڈویژن سطح پر پہلی پوزیشنز حاصل کر چکا ہے، انہوں نے کھیلوں کے انعقاد پر سیکرٹری تعلیم جاوید اختر محمود کا شکریہ بھی ادا کیا۔